آپ کو بیلٹ پر کیا نظر آئے گا
عوامی فنڈز سے بننے والی سستی رہائش کی تخلیق کو تیز کرنا۔ سب سے کم سستی رہائشیں بنانے والے کمیونٹی ضلعوں میں سستی رہائش فراہم کرنے والی درخواستوں کو تیز کرنا، جس سے نظرثانی کا وقت کافی کم ہو جائے گا۔ کمیونٹی بورڈ کی نظرثانی کو برقرار رکھنا۔
"ہاں" بورڈ آف سٹینڈرڈز اینڈ اپیلز یا سٹی پلیننگ کمیشن میں درخواستوں کو تیز کر دے گی۔
"نہیں" کی صورت میں سستی رہائش پر لمبی نظرثانی اور سٹی کونسل میں حتمی فیصلہ برقرار رہیں گے۔
یہ تجویز کیا کہتی ہے
یہ تجویز سستی رہائش کے مخصوص پراجیکٹس کو تیز کرنے کے لیے دو نئے طریقہ کار کو سامنے لائے گی۔ پہلا طریقہ کار سستی رہائش کے عوامی فنڈ یافتہ پراجیکٹس کے لیے ہے۔ دوسرا طریقہ کار سستی رہائش کی سب سے کم شرح والے 12 کمیونٹی ضلعوں میں سستی رہائش کے پراجیکٹس کے لیے ہے۔
اس تجویز کا مطلب کیا ہے
زیادہ تر رہائشی پراجیکٹس کا یونیفارم لینڈ یوز ریویو پروسیجر (Uniform Land Use Review Procedure, ULURP) سے گزرنا لازمی ہے، جو سات مہینوں کا نظرثانی کا ایک عمل ہے۔ یہ تجویز سستی رہائش کے مخصوص پرایجکٹس کے لیے دو نئے طریقہ کار سامنے لائے گی۔
پہلا طریقہ کار بورڈ آف سٹینڈرڈز اینڈ اپیلز (Board of Standards and Appeals, BSA) کو اجازت دے گا کہ وہ مقامی کمیونٹی بورڈ کی جانب سے 60 دن کی نظر ثانی اور BSA کی جانب سے 30 دن کی نظرثانی کے بعد سستی رہائش کے عوامی طور پر فنڈ یافتہ پراجیکٹس کو منظور کر دے۔
دوسرا طریقہ کار سستی رہائش کی سب سے کم شرح والے 12 کمیونٹی ضلعوں میں پراجیکٹس کے لیے تیز تر نظرثانی کا ایک پراجیکٹ سامنے لائے گا۔ یہ عمل کمیونٹی بورڈ اور مقامی بورو صدر کو ایک ہی وقت نظر ثانی انجام دینے کے قابل بنائے گا، جس کے بعد سٹی پلیننگ کمیشن (City Planning Commission, CPC) کی جانب سے 30 سے 45 دن کی نظرثانی ہو گی۔ سٹی کونسل کی بجائے CPC حتمی منظوری دے گی۔
ایک "ہاں" کا ووٹ سستی رہائش کے پراجیکٹس کو تیز کرنے کے لیے دو نئے طریقہ کار سامنے لاتا ہے۔
ایک "نہیں" کا ووٹ مقامی کمیونٹی بورڈ، مقامی بورو صدر، CPC، سٹی کونسل اور میئر کی جانب سے رائے کے ساتھ سات مہینے کا نظرثانی کا عمل برقرار رکھے گا۔
بیانات کے خلاصے - تجویز پر ہاں میں ووٹ 2
جو لوگ تجویز 2 کی حمایت کرتے ہیں وہ اسے نیویارک شہر میں موجود رہائشوں کی قلت اور بحران کے ایک سستے حل کے طور پر دیکھتے ہیں۔ متعدد جواب دہندگان نے اس تجویز کو "عام فہم اصلاحات" کا مجموعہ قرار دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ بلند و بالا عمارتوں اور بڑے منصوبوں کے برعکس، معمولی رہائشی تعمیرات کی منظوری اور تعمیرات کے لیے ایک الگ طریقہ کار موجود ہونا چاہیے۔ حامیوں کا خیال ہے کہ اس اقدام سے سستی رہائش گاہوں کی تعمیر کو تیز کرنے، بیوروکریٹک یا "سیاسی" رکاوٹوں کو کم کرنے اور کم اور درمیانی آمدنی والے رہائشیوں کے لیے گھروں تک رسائی کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ بہت سے لوگ بڑھتے ہوئے کرایوں اور سستے یونٹوں کی محدود فراہمی پر تبادلہ خیال کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اصلاحات کے بغیر، نیو یارک کے مزدور اور متوسط طبقے کے باشندے اپنی کمیونٹیز میں رہنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بہت سے لوگوں کا مؤقف ہے کہ یہ تجویز تمام محلوں کو اپنے حصے کے مطابق کم لاگت والی رہائش گاہیں تعمیر کرنے پر مجبور کرے گی۔ نیویارک ہاؤسنگ کانفرنس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ان کی تحقیق کے مطابق، "گزشتہ دہائی کے دوران سب سے زیادہ پیداوار دینے والے سٹی کونسل اضلاع نے اوسطاً ہر سال تقریباً 540 کم لاگت اپارٹمنٹس شامل کیے، جبکہ سب سے کم پیداوار والے 10 اضلاع نے صرف 11 کا اضافہ کیا ہے۔" یہ تشویش ظاہر کیے جانے کے حوالے سے کہ سٹی کونسل کو منظوری کے نئے عمل میں شامل نہیں کیا جائے گا، سٹیزنز بجٹ کمیشن لکھتا ہے کہ "چونکہ اس کے اراکین میئر، بورو صدور اور پبلک ایڈووکیٹ کی جانب سے نامزد کیے جاتے ہیں، اس لیے سٹی پلاننگ کمیشن بآسانی پورے شہر کی رہائش گاہوں کی ضروریات اور مختلف محلوں کے خدشات کے درمیان توازن پیدا کر سکتا ہے۔" اہم بات یہ ہے کہ کمیونٹی بورڈ اور بورو صدر کے جائزے اب بھی محلوں کو اپنی رائے دینے کا ایک مؤثر موقع فراہم کرتے ہیں۔"
ادارہ جاتی اور منتخب جواب دہندگان:
- ہیبی ٹیٹ فار ہیومینٹی نیو یارک اور ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی
- ایسوسی ایشن فار نیبر ہڈ اینڈ ہاؤسنگ ڈیویلپمنٹ (ANHD)
- ریجنل پلان ایسوسی ایشن
- ابنڈینس نیویارک
- نیویارک ہاؤنسنگ کانفرنس
- سٹیزنز بجٹ کمیشن
بیانات کی تعداد: 8
بیانات کے خلاصے - تجویز پر نہیں میں ووٹ 2
وہ لوگ جنہوں نے تجویز 2 کے خلاف بیانات درج کروائے ہیں ان کا یہ خیال ہے کہ اس عمل سے سٹی کونسل کو باہر کرنا ہاؤسنگ سے متعلق فیصلوں میں عوام کی نمائندگی کو کمزور کر دے گی اور بورو صدر اور کمیونٹی بورڈ کی نظرثانی کو ایک ہی وقت پر منعقد کروا کر کمیونٹی کی طرف سے ملنے والی آراء کے مواقع کم کر دے گی۔ مینہیٹن کمیونٹی بورڈ 3 لکھتا ہے، "کمیونٹی بورڈ کا مقصد ہوتا ہے کہ وہ کمیونٹی کو منصوبہ بندی میں اپنی رائے دینے کی ایک جگہ فراہم کریں۔ بورو صدر کو چاہیے کہ وہ کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے کمیونٹی بورڈ کے ذریعے کمیونٹی کی آراء سنیں۔" جواب دہندگان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ترقی کو تیز کرنے کے اس تجویز کردہ طریقے میں حقیقی سستی کے بجائے ریئل اسٹیٹ کے نفع کو ترجیح دینے کا خطرہ ہے، جن میں سے کئی لوگوں نے نشاندہی کی ہے کہ یہ تجویز ڈویلپرز کے حق میں ہے۔ وہ شفاف تر پالیسیوں کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ سستی رہائش گاہوں کو یقینی بنایا جا سکے اور ریئل اسٹیٹ انڈسٹری کے بجائے ان لوگوں کی ضروریات پر مرکوز حل بنائے جا سکیں جنہیں سستی رہائش کی ضرورت ہے، مثلاً مارکیٹ ریٹ یا لگژری رہائش کو کم کرنا اور کمیونٹی کی مجموعی سرمایہ کاری کو فروغ دینا۔
ادارہ جاتی اور منتخب جواب دہندگان:
- کونسل ممبر رابرٹ ہولڈن
- مینہٹن کمیونٹی بورڈ 3
بیانات کی تعداد: 9