What are ballot proposals?
اس خزاں میں، بیلٹ پر چار تجاویز ہیں۔ ایک تجویز پر پوری ریاست میں ووٹ ڈالا جائے گا اور تین نیو یارک سٹی کے لیے مخصوص ہیں۔ آپ ہر ایک تجویز پر "ہاں" یا "نہیں" کا ووٹ دے سکتے ہیں۔ بیلٹ تجاویز کو اگر اکثریتی ووٹ مل جائے، تو وہ منظور ہو جاتی ہیں۔ تجویز کا خلاصہ اور NYC ووٹرز کی جانب سے درج کرائے گئے اچھائیوں/برائیوں کے بیانات دیکھنے کے لیے ذیل میں درج کردہ ہر بیلٹ تجویز کے نیچے "مزید جانیں (Learn More)" پر کلک کریں۔
یہ تجاویز بیلٹ پر کیوں ہیں؟
پوری ریاست کا 'صاف ہوا، صاف پانی اور ماحول دوست نوکریوں کا بانڈ ایکٹ (Clean Air, Clean Water, and Green Jobs Bond Act)' ابتدائی طور پر گورنر کیومو (Cuomo) کی جانب سے 2020 میں تجویز کیا گیا تھا اور ریاستی مقننہ نے ووٹ دیا تھا کہ اس معاملے کو ووٹرز کی جانب سے فیصلے کے لیے بیلٹ پر ڈالا جائے۔ تاہم، کووِڈ-19 کی عالمی وباء کی وجہ سے تجویز مؤخر ہو گئی تھی۔ گورنر ہوچل (Hochul) نے اس سال کی ابتداء میں اس تجویز میں ترمیم کی اور مقننہ نے ایک مرتبہ پھر اسے اس نومبر میں بیلٹ پر ڈالنے کا ووٹ دیا۔
2021 میں، میئر ڈی بلاسیو (de Blasio) نے ہمارے شہر میں نظام میں موجود نسلی تعصب کی شناخت کرنے اور اسے ختم کرنے کے لیے ریشیئل جسٹس کمیشن (Racial Justice Commission) تشکیل دیا۔ ان کا مقصد NYC میں سیاہ فام، آبائی، لیٹنیکس، ایشیائی، پیسیفک آئی لینڈرز، مشرق وسطٰی اور گہری رنگت کے حامل تمام لوگوں کے لیے اختیار، رسائی اور مواقع تک رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔ اس کو ممکن بنانے کے لیے، کمیشن سٹی چارٹر میں تبدیلیاں تجویز کر سکتا ہے، جو تعین کرتا ہے کہ ہمارا شہر کیسے کام کرتا اور چلتا ہے۔ سٹی کی یہ تین پروپوزل کمیشن کی جانب سے سٹی چارٹر میں ترامیم کے لیے سفارشات ہیں۔
پروپوزل ایک نظر میں
بیلٹ پروپوزل 1: صاف پانی، صاف ہوا اور ماحول دوست نوکریوں کا ماحولیاتی بانڈ ایکٹ (Clean Water, Clean Air, And Green Jobs Environmental Bond Act) 2022
یہ پروپوزل ماحولیاتی پراجیکٹس کی فنڈنگ کے لیے ریاستی بانڈز کی فروخت کو ممکن بنائے گی۔
بیلٹ پروپوزل 2: حکومت کی رہنمائی کے لیے اقدار کا ایک بیان شامل کریں
یہ پروپوزل نیو یارک سٹی چارٹر میں درج ذیل ترمیم کرے گی:
یہ پروپوزل نیو یارک سٹی چارٹر میں تعارفی متن، جسے تمہید کہا جاتا ہے، شامل کرے گی۔ یہ تمہید تمام نیو یارکرز کے لیے عدل و انصاف کو فروغ دینے کے سلسلہ میں سٹی حکومت کے لیے رہنماء اصول کا کام کرے گا۔
بیلٹ پروپوزل 3: ایک نسلی مساوات آفس، پلان اور کمیشن کا قیام
یہ پروپوزل ایک دفتر برائے نسلی مساوات (Office of Racial Equity) بنائے گی، ہر دو سال بعد پورے شہر کے لیے نسلی مساوات کے ایک منصوبے (Racial Equity Plan) کا تقاضا کرے گی اور نسلی مساوات کا ایک کمیشن (Commission on Racial Equity) بنائے گی۔
بیلٹ پروپوزل 4: زندگی گزارنے کے حقیقی خرچ کی پیمائش
یہ پروپوزل کے تحت سٹی کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے سٹی کے رہائشیوں کے زندہ رہنے کے اصلی اخراجات کی پیمائش کرے۔