23 جون 2026
جمہوریت صرف اس صورت میں کام کرتی ہے، اگر ہر کسی کو اس تک رسائی حاصل ہو۔ NYC Votes میں سینیئر ایکسیسیبلٹی کوآرڈینیٹر Luke Messina (لیوک میسینا) کا کام اس چیز کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ ہر نیو یارکر کو ان ٹولز، مواد اور معلومات تک رسائی حاصل ہو، جو انہیں ہر انتخاب میں پوری طرح شرکت کرنے کے لیے درکار ہیں۔
پارٹنرشپس اینڈ آؤٹ ریچ ٹیم کے حصے کے طور پر ان کا کام معذوری کے حقوق، شہری شمولیت اور کمیونٹی کی تعمیر کے سنگم پر موجود ہے۔
چاہے وہ بریل میں ووٹنگ وسائل کو وسعت دے رہے ہوں، نیو یارک میں معذور افراد کی کمیونٹی میں شراکت داریوں کو مضبوط بنا رہے ہوں یا اپنے قائم کردہ ایک امپلائی ریسورس گروپ کی قیادت کرنے میں مدد دے رہے ہوں، لیوک کا کام ایک سادے عقیدے کی رہنمائی میں چلتا ہے: ہر شخص شامل ہونے کا حق رکھتا ہے۔
رسائی پذیری شمولیت کے ساتھ شروع ہوتی ہے
سینئر ایکسیسیبلٹی کوآرڈینیٹر کے طور پر، لیوک کا کردار دو بنیادی شعبہ جات پر مرکوز ہے: پورے شہر میں معذوروں کی کمیونٹی کی تنظیموں کے ساتھ تعلقات بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ NYC Votes کے پروگراموں میں رسائی پذیری شروع سے ہی شامل ہو۔
لیوک اس طریقہ کار کو "رسائی پذیری بطور بنیاد" کے طور پر بیان کرتے ہیں۔ بعد میں مطابقتیں شامل کرنے کی بجائے، وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتے ہیں کہ پریزینٹیشنز، ورک شاپس، تقریبات اور رابطہ کاری کی کوششوں کو پہلے دن سے ہی رسائی پذیری کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا جائے۔
یہ کام انتہائی ذاتی ہے: "میں نہیں چاہتا کہ کوئی بھی شخص محسوس کرے کہ وہ اکیلا ہے یا یہ کہ انہیں شامل نہیں کیا گیا یا یہ کہ وہ کسی کو تنگ کر رہے ہیں، صرف اس وجہ سے کہ وہ کسی ایسی چیز میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، جس میں باقی سب شرکت کرتے ہیں۔ چاہے یہ اسکول ہو، جمہوریت ہو، کھیل ہوں یا کوئی اور چیز۔"
بچپن میں ڈسلیگزیا اور دمے کے ساتھ زندگی گزارنے کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے پرورش پاتے ہوئے، لیوک نے اکثر خود کو ان تجربات سے محروم محسوس کیا، جو باقی کئی لوگوں کے لیے عام تھے۔ یہ تجربات آج بھی ان کے نقطہ نظر کو شکل دے رہے ہیں۔
میں نہیں چاہتا کہ کوئی بھی شخص محسوس کرے کہ وہ اکیلا ہے یا یہ کہ انہیں شامل نہیں کیا گیا یا یہ کہ وہ کسی کو تنگ کر رہے ہیں، صرف اس وجہ سے کہ وہ کسی ایسی چیز میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، جس میں باقی سب شرکت کرتے ہیں۔ چاہے یہ اسکول ہو، جمہوریت ہو، کھیل ہوں یا کوئی اور چیز۔
Deaf Asian Street Festival (ڈیف ایشیئن سٹریٹ فیسٹیول) پر ٹیم کے ساتھ لیوک۔
یہ نقطہ نظر NYC Votes میں ان کے کام کی رہنمائی کرتا ہے۔
لیوک نے وضاحت کی، "جب لوگوں کو معمول کے طور پر انتخابات سے باہر رکھا جاتا ہے، تو حکومت کے لیے ان کے مسائل کو نظر انداز کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔" "اس بات کو یقینی بنانا کہ لوگوں کو معلومات تک رسائی ہو اور ووٹ تک رسائی ہو، باقی ہر چیز [کے لیے لازمی] ہے۔"
رسائی پذیری کو عمل میں تبدیل کرنا
سالوں سے، لیوک نے NYC Votes میں رسائی پذیری کے کئی اقدامات کو فروغ دینے میں مدد دی ہے، مگر ایک پراجیکٹ ممتاز ہے۔
انہوں نے ایجنسی کا پہلا بریل ووٹر مواد بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس نے کمزور بصارت کے حامل ووٹرز کو ان کی ضرورت کی معلومات تک اس فارمیٹ میں رسائی حاصل کرنے میں مدد دی، جو ان کے لیے سب سے زیادہ قابل رسائی تھا۔ اس عمل میں ہاتھ سے سینکڑوں بریل پام کارڈز کو نقش کرنا اور انہیں پورے شہر میں لے کر جانا شامل تھا، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ شراکت داروں کو اس اہم انتخابی معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے اس تشکر کو تسلیم کیا، جو انہیں اس قدم کے نتیجے میں کمیونٹی اراکین کی جانب سے محسوس ہوا، مگر انہوں نے اپنی کوششوں کو کم ظاہر کیا اور اس کی بجائے توجہ کمیونٹی میں موجود لوگوں کی جانب مبذول کروائی: "لوگ بہت خوش تھے،" وہ یاد کرتے ہوئے بولے۔ "وہ مجھے ایک ایسی چیز کے لیے بہت زیادہ شکریہ کہہ رہے تھے، جو بہت بنیادی معلوم ہوتی ہے۔ مگر یہ درحقیقت میری جیت نہیں تھی—یہ ہمارے شراکت داروں کی جیت تھی۔ وہ اس کے لیے طویل عرصے سے وکالت کاری کر رہے تھے۔"
لیوک کے لیے، اس طرح کے لمحات اس چیز کی اہمیت کو تقویت دیتے ہیں کہ ان لوگوں، جن کی آپ خدمت کرتے ہیں، کو سنا جائے اور ان کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔ وہ کہتے ہیں، "بہت سے لوگوں کو علم نہیں کہ انہیں نجی اور آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ ٹولز دستیاب ہیں، مگر کئی نیو یارکرز کو ان کا علم ہی نہیں۔" ووٹنگ کی رسائی پذیری کے متعلق یہ سب سے بڑے غلط تصورات میں سے ایک ہے: کئی لوگوں کو علم ہی نہیں ہوتا کہ انہیں کون سے حقوق اور وسائل دستیاب ہیں۔
بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ انہیں نجی اور آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ ٹولز دستیاب ہیں، مگر کئی نیو یارکرز کو ان کے بارے میں علم ہی نہیں۔
مستقبل کے حوالے سے، لیوک امید کرتے ہیں کہ وہ قابل رسائی ووٹر معلومات کو وسعت دینا جاری رکھیں گے، بشمول مزید بریل وسائل، اضافی امریکی اشاراتی زبان (American Sign Language, ASL) مواد اور پورے شہر میں معذوروں کی کمیونٹیز کے ساتھ مضبوط تر شراکت داریاں۔
ان کا کہنا تھا، "کوئی آبادی جتنی چھوٹی ہوتی ہے، اسے ہماری فراہم کی جانے والی معلومات سے محروم چھوڑے جانے کا اتنا ہی امکان ہے۔" انہوں نے مزید کہا، "ہمیں ارتقاء کرتے رہنے اور زیادہ تخلیقی ہونے کی ضرورت ہے۔"

ایک کمیونٹی تقریب پر مسکرانے کے لیے ایک لمحہ نکالتے ہوئے۔
پرائیڈ، معذوری اور موجود ہونا
شمولیت کے لیے لیوک کا عزم NYC Votes کے LGBTQ+ امپلائی ریسورس گروپ (ERG)، Ultraviolet (الٹراوائلٹ) میں ان کے کردار کے ذریعے ان کے رسائی پذیری کے کام سے آگے جاتا ہے۔
گروپ کے مشترکہ بانی کے طور پر، لیوک نے پرائیڈ تقریبات، تعلیمی پروگراموں اور NYC Votes کی Brooklyn Pride (بروکلن پرائیڈ) میں شرکت، جو اب ایک سالانہ روایت بن گئی ہے اور ERG کے اراکین سے بڑھ کر پوری ایجنسی میں پھیل گئی ہے، کا انتظام کیا۔
انہوں نے کہا، "میں ہائی اسکول سے LGBTQ+ تنظیم کاری میں شامل رہا ہوں۔" انہوں نے مزید کہا، "میں جہاں بھی جاتا ہوں، میں سوچ رہا ہوتا ہوں، 'آئیں تنظیم کاری کریں۔'"
لیوک کے لیے، معذوری اور LGBTQ+ کی کمیونٹیوں میں بامعنی رابطے موجود ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی، "دونوں ایسی کمیونٹیاں ہیں جنہیں لڑنا پڑا ہے—اور ان کی لڑائی جاری ہے—تاکہ انہیں شامل کیا جائے۔"
وہ اس چیز کو بھی نوٹ کرتے ہیں کہ دونوں تجربات میں اکثر ایسی جگہوں سے گزرنا شامل ہوتا ہے جو ابتدائی طور پر ان کمیونٹیوں کو ذہن میں رکھ کر نہیں بنائی گئی تھیں۔
لیوک کا کہنا تھا، "بعض اوقات لوگوں کو احساس نہیں ہوتا کہ وہ طویل عرصے سے ایک کمیونٹی کا حصہ ہیں۔" انہوں نے مزید کہا، "پھر اچانک سے آپ کمیونٹی تلاش کرنے، نئے تجربات سے گزرنے اور اس چیز کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں کہ آپ کہاں تعلق رکھتے ہیں۔"
میل جول کی جگہیںزندگی کے مشترکہ تجربات کے ذریعے رابطے بنانے میں خاص طور پر اہم ہیں ۔
انہوں نے کہا، "ایک ایسی جگہ ہونا بہترین ہے، جہاں آپ اپنی تمام شناختوں کا جشن منا سکیں۔"

لیوک ایک کمیونٹی تقریب کی قیادت کر رہے ہیں۔
ترغیب اور امید تلاش کرنا
جب اس بارے میں پوچھا گیا کہ کیا چیز انہیں امید دیتی ہے، لیوک ہچکچائے نہیں۔
"بہت زیادہ،" ان کا کہنا تھا۔ "مجھے بہت سے ایسے لوگوں کے اردگرد رہنے کا موقع ملتا ہے، جو ہر چیز کے باوجود ضروری کام کر رہے ہیں۔"
چاہے وہ کمیونٹی تقریبات میں شرکت کر رہے ہوں، شراکت داروں سے مل رہے ہوں یا ووٹرز سے بات کر رہے ہوں، لیوک کہتے ہیں کہ وہ مسلسل ان لوگوں سے ترغیب حاصل کرتے ہیں، جن سے وہ نیو یارک سٹی میں ملتے ہیں۔
"لوگ بہت اچھے ہیں۔ وہ دوستانہ ہیں۔ وہ ایسی چیزیں چاہتے ہیں جو ان کے لیے اور دوسرے لوگوں کے لیے بہترین ہوں۔"
اور جب کام کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر کو ایک لفظ میں بیان کرنے کا کہا گیا، تو لیوک نے ایک لفظ کا انتخاب کیا، جو ان کے فلسفے کی بہترین عکاسی کرتا ہے:
"حقیقی۔"
لیوک کے لیے، کمیونٹی کا مقصد/مطلب آخر کار موجود ہونے کے بارے میں ہے—اپنے لیے اور دوسروں کے لیے۔ انہوں نے جاری رکھتے ہوئے کہا: "کمیونٹی ایک ایسا فیصلہ ہے، جو آپ دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر کرتے ہیں کہ اپنے راستے میں ہر اس چیز کو رد کیا جائے، جو آپ کو دوسرے لوگوں کے ساتھ ہونے سے روکتی ہے۔ آخر میں، یہ سب اسی بارے میں ہے۔ بس دوسرے لوگوں کے ساتھ ہونا۔"
"ہمارے معاشرے میں ایسا بہت کچھ ہے، جو ہمیں دیگر لوگوں کے ساتھ حقیقی رابطوں سے دور کھینچنے کی کوشش کرتا ہے،" انہوں نے کہا۔ مگر ان کمیونٹیوں میں لیوک جو کام کر رہے ہیں، اس کی بجائے ہر شخص کو اکٹھا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔
کمیونٹی ایک ایسا فیصلہ ہے، جو آپ دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر کرتے ہیں کہ اپنے راستے میں ہر اس چیز کو رد کیا جائے، جو آپ کو دوسرے لوگوں کے ساتھ ہونے سے روکتی ہے۔ آخر میں، یہ سب اسی بارے میں ہے۔ بس دوسرے لوگوں کے ساتھ ہونا۔